مسجد نبوی کی تاریخ کے عظیم ترین توسیعی منصوبہ کا آغاز آج ہوگا
جدید ترین ریلوے نظام کی بدولت جدہ سے پنج وقتہ نماز کی ادائیگی حرم مکہ و حرم نبوی میں ممکن ہونے والی ہے
سعودی عرب کے فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز آج (سوموار کے روز) مدینہ منورہ پہنچ رہے ہیں جہاں وہ مسجد نبوی کے بڑے توسیعی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ اب تک ہونے والے توسیعی منصوبوں میں یہ سب سے بڑا منصوبہ ہے، جسے تین مراحل میں مکمل
کیا جائے گا اور تیسرے اور آخری مرحلے کی تکمیل کے بعد مسجد نبوی میں اٹھائیس لاکھ افراد نماز ادا کر سکیں گے۔
اس وقت مسجد نبوی میں آٹھ لاکھ افراد نماز ادا کر رہے ہیں۔ دوسرے اور تیسرے مرحلے میں مسجد نبوی کے مشرقی اور مغربی جانب توسیع کی جائے گی۔ ان دو مراحل میں آٹھ سے بارہ لاکھ افراد کی نماز کے لیے مزید گنجائش پیدا کی جائے گی۔شاہ عبداللہ بن عبد العزیز کی زیر نگرانی الحرمین الشریفین کے توسیعی منصوبے کا یہ دوسرا بڑا پراجیکٹ ہے۔ اس سے قبل مسجد حرم کی توسیع کا کام تیزی سے جاری ہے۔ ان دنوں حج سیزن کے باوجود مکہ مکرمہ میں سعی، رمی، جمرات اور مسجد حرام کی توسیع کا کام جاری ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ جدہ سے مکہ مکرمہ تک ایک ریلوے لائن بچھائی جا رہی ہے۔ یہ منصوبہ بھی حرم کی توسیع کا حصہ ہے۔ جدہ ریلوے لائن سے نہ صرف حجاج اور معتمرین کو مکہ مکرمہ تک فوری رسائی کی سہولت حاصل ہو گی بلکہ جدہ کے شہری بھی پانچوں نمازیں مسجد حرام میں ادا کرنے کی سعادت حاصل کر سکیں گے۔اس کے ساتھ ہی سیکڑوں میل دور آباد شہر کے باسیوں کے لئے اب عنقریب یہ بات بھی ممکن ہونے والی ہے کہ وہ چاہیں تو مدینہ منورہ میں مسجد نبوی تک بھی یہ رسائی حاصل کرلیں ۔
No comments:
Post a Comment