Proud To Be A Pakistani...
امریکی شہری پاکستانی شہریت کیلئے بھاگ دوڑ میں مصروف
ایسے دور میں جب پاکستانی شہری امریکی شہریت کیلیے جان توڑ کوششیں کررہے ہیں، پارلیمنٹ کے اراکین و وزرا دہری شہریت کے حصول کیلیے قانونی جنگ میں مصروف ہیں وہیں ایک امریکی شخص ایسا بھی ہے جو پاکستانی شہریت کیلیے عدالت کے دروازے پر جاپہنچا ہے۔
وہ 26سال سے پاکستانی شہریت کیلیے بھاگ دوڑ کررہا ہے، شیخ الحدیث محمد ہاشم نے 1986میں عیسائیت سے تائب ہوکر اسلام قبول کیا، سعودی عرب میں دینی تعلیم حاصل کرکے اسلامی اسکالر بن گئے،24نومبر کو جنوبی افریقہ کے شہر ڈربن میں ہونیوالی بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کے لیے انھیں جانا ہے، سفری دستاویزات کے سلسلے میں حکومت پاکستان کی جانب سے تاخیر کے باعث سابق جسٹس محمود عالم رضوی کے توسط سے عدالت سے رجوع کیا، ہائیکورٹ نے شیخ الحدیث محمد ہاشم کو لیکچردینے کیلیے جنوبی افریقہ جانے اور واپس پاکستان آنے کی اجازت دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ محمد ہاشم کو شہریت دینے کا عمل جلد مکمل کرلیا جائے، محمد ہاشم کی جانب سے چیف جسٹس مشیرعالم کی سربراہی میں دورکنی بینچ کے روبرو ان کی اہلیہ مسمات خیرالنسا صالحہ نے درخواست دائر کی ہے۔
درخواست میں وزارت داخلہ، چیئرمین نادرااور ڈائریکٹرایف آئی اے کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ درخواست گزار پاکستانی شہری ہے اور اس نے1986میں ایک امریکی شہری(محمدہاشم) سے شادی کی جس نے اسلام قبول کیا اوراس کے ساتھ پاکستان آگیا، وہ1986سے پاکستان میں مقیم ہے،درخواست گزار کے4بچے ہیں جو پاکستانی شہریت رکھتے ہیں، محمدہاشم نے سعودی عرب سے دینی تعلیم حاصل کی اور عالم دین بننے کے بعد جامعہ بنوریہ میں درس و تدریس کے شعبے سے وابستہ ہوگئے، انھوں نے طویل عرصے سے پاکستانی شہریت کیلیے درخواست دے رکھی ہے، حکومت پاکستان کی جانب سے انھیںمختلف اوقات میں ’’پاکستان اوریجن کارڈ‘‘ (پی او سی) جاری کیا جاتا رہا ہے، آخری بار جاری کردہ کارڈ کی معیاد13جون2012کو ختم ہوگئی ہے۔
محمد ہاشم ایک کانفرنس میں شرکت کیلیے جنوبی افریقہ جانا چاہتے ہیں جہاں انھیں لیکچر بھی دینا ہے، سماعت کے موقع پر نادرا اور محکمہ داخلہ کی جانب سے بتایا گیا کہ محمد ہاشم کو پاکستانی شہریت دینے کے عمل میں مزید دو یا تین ماہ لگ سکتے ہیں،عدالت نے آبزرو کیا کہ محمد ہاشم امریکی شہری ہیں اور انھیں بیرون ملک جانے سے کوئی نہیں روک سکتا تاہم درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیارکیا کہ پی او سی ویزا کی حیثیت رکھتا ہے اس کی عدم موجودگی میں ان کی پاکستان واپسی میں مشکلات ہوسکتی ہیں، عدالت نے ہدایت کی کہ محمد ہاشم کو آزادانہ نقل و حرکت کی اجازت دی جائے اور بیرون ملک سے واپسی پر انہیں نہ روکا جائے، ڈپٹی اٹارنی جنرل اشرف مغل نے وزارت داخلہ کی جانب سے یقین دلایا کہ محمد ہاشم کو واپسی پر پاکستان میں داخلے کی اجازت ہوگی، عدالت نے ہدایت کی کہ محمد ہاشم کو پاکستانی شہریت دینے کا عمل بھی جلد مکمل کرلیا جائے۔
No comments:
Post a Comment