وہ ترکی جو 623 برس تک خلافت عثمانیہ کا مرکز رہا اور جسے چھ صدیوں تک عالم اسلام میں مرکزی حیثیت حاصل رہی،یکم نومبر 1922ء کو اپنی مرکزی حیثیت کھو بیٹھا، جدید ترکی کے بانی مصطفی کمال اتا ترک نے خلافت عثمانیہ کے خاتمے کے بعد ملک کا نظم و نسق چلانے کیلئے سیکولر ازم کا سہارا لیا،جس کی وجہ سے صدیوں تک دنیائے اسلام کی قیادت کرنے والی ریاست اپنی مسلم شناخت اور تشخص سے یک لخت محروم ہو گئی،مصطفی کمال پاشا نے مغرب کی تقلید اور تائید و حمایت کیلئے مذہب سے نفرت کو سیکولر ازم کی تعریف قرار دیا اور اسے ہر شعبہ ہائے زندگی سے خارج کر دیا،اُس نے ترکی کو مغربی ممالک کے ہم پلہ بنانے کےلئے سب سے پہلے اسلام کو زد پر رکھا،مدارس کو بند کر دیا گیا،قرآن کریم کا پڑھنا اور تعلیم دینا جرم قرار پایا،مساجد میں عربی زبان میں اذان دینے اور حج کی ادائیگی پر بھی پابندیاں لگادی گئی،عورتوں کےلئے پردہ موقوف کر دیا گیا،مرد و خواتین کو جبراً مغربی لباس پہننے پر مجبور کیا گیا،ترکی ٹوپی ممنوع قرار دے دی گئی،نام اختیار کرنے کا ایک نیا سلسلہ شروع کیا گیا اور وہ نام رکھے جانے لگے جن سے کبھی مسلمان ہونے کی بو نہ آئے، اسلامی کلینڈر کا خاتمہ کر دیا گیا،اسلام کے عائلی قوانین ختم کر کے اُس کی جگہ سوئس قوانین کو آئین کا حصہ بنایا گیا،نتیجتاً کثرت ازدواج بھی ممنوع ہو گئی اور حال یہ ہوگیا کہ 98 فیصد مسلمانوں کے حامل ملک میں ایک سے زائد شادی کرنے والے افراد دوسری بیوی کو اپنی گرل فرینڈ قرار دیتے تو اُن سے کوئی باز پرس نہ کی جاتی،البتہ دو بیویاں رکھنے پر دھر لیا جاتا،عربی رسم الخط کو کالعدم قرار دے کر لاطینی رسم الخط اختیار کیا گیا،چن چن کر عربی اور فارسی الفاظ کو ترکی زبان سے نکال دیا گیا،چھ صدیوں تک مرکزی حیثیت رکھنے والے شہر استنبول کی جگہ دارالحکومت کو انقرہ منتقل کر دیا گیا،فتح قسطنطنیہ کی سب سے اہم نشانی ”ایاصوفیہ “کو مسجد سے عجائب گھر بنا دیا گیا،کمال اتاترک نے بہت سے رہنماؤں کو زندانوں میں ڈلوادیا،جلا وطنی پر مجبور کیا یا انہیں سزائے موت دے دی،غرضیکہ اتا ترک نے پوری کوشش کی کہ اسلام اور مسلمانوں سے تعلق کی ہر نشانی کو مٹاکر ترکی کو مشرق سے کاٹ کر مغرب کا حصہ بنا دیا جائے،اُس نے آئین بناکر فوج کے سیاسی کردار کو دستوری تحفظ اور آئین کا محافظ قرار دیا اورپوری کوشش کی کہ اسلام کا حلیہ بگاڑ کر ترک مسلمانوں کو ا_ن کے صدیوں پر محیط عظیم علمی ادبی،ثقافتی اور ہر اُس دینی ورثے سے محروم کر دیا جو فکر اسلامی کا عکاس و آئینہ دار تھا،یوں 29 اکتوبر 1923ء کو ترکی باضابطہ سرکاری طور پر ریپبلک آف ترکی کی شکل میں ایک نئی اور جدید سیکولر ریاست کی شکل میں دنیا کے سامنے آیا ۔
انیس سو ساٹھ تک یہ وہی ترکی تھا جس میں اسلام کا نام لینا بھی جرم تھا،یہ وہی سال تھا جس میں وزیر اعظم عدنان میندریس کو اسلامی رجحان رکھنے کے جرم میں پھانسی دی گئی،وہ ترک فوج جو ملک کی سیکولر پہچان کی نگہبان سمجھی جاتی ہے اور جس نے ملک میں اسلامی طرز زندگی بدلنے میں اہم ترین کردار ادا کیا،کے سامنے نجم الدین اربکان کی ذات پہلی بار ایک چٹان کے روپ میں سامنے آئی،ترک جرنیلوں کو اپنا اقتدار خطرے میں نظر آنے لگا،چنانچہ بار بار نجم الدین اربکان اور اُن کی جماعت پر پابندیاں عائد کی گئیں،لیکن نجم الدین اربکان نے جو راستہ کھول دیا تھا،وہ فوج سے بند نہ ہوسکا،رفاہ سے فضیلت اور فضلیت سے جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی تک کا سفر اسلام پسندوں کی پرامن سیاسی جدوجہد کا آئینہ دار ہے،ترکی کے موجودہ وزیراعظم رجب طیب اردگان نجم الدین اربکان کے تربیت یافتہ اور سیاسی وارث ہیں،کمال اتاترک کی بدروح آج تک ترکی کی فوج سے نہ نکل سکی ،وقت کی منتخب ترک وزیراعظم کی بیگم کو گھسیٹ کر اسکا حجاب اتارنے کی کوشش تک کی گی فوجیوں کی طرف سے . گذشتہ الیکشن میں جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کی تاریخ ساز کامیابی اِس اَمر پر دلالت کرتی ہے کہ عوام کی اکثریت نے ترکی میں سیکولرازم اور فوجی آئین کے خلاف اپنا فیصلہ دے دیا ہے،آج ترکی میں صورتحال بدل چکی ہے،اسلام پسندوں کی بڑھتی ہوئی قوت کے سامنے فوج بے بس نظر آتی ہے،وزیر اعظم رجب طیب اردگان اور صدر عبداللہ گل کی قیادت میں سیکولر ترکی نے ایک نئی انگڑائی لینی شروع کی ہے،فوج کی تمام تر کوشش کے باوجود عوام میں اسلامی تشخص مقبولیت حاصل کررہا ہے،اب یورپی یونین میں شرکت کےلئے بھیک مانگتا ترکی ایک نئے روپ میں دنیا کے سامنے آ رہا ہے،اسلام کا یہ سابق گڑھ اپنے مرکز کی طرف لوٹ رہا ہے اوراپنا جھکاؤ اسلامی ممالک کی جانب بڑھا رہا ہے،آج ترکی احیائے خلافت کی منزل کی طرف گامزن ہے اور اِس ساری جدوجہد کا سہرا نجم الدین اربکان اور اُن کے سیاسی وارث رجب طیب اردگان کو جاتا ہے
No comments:
Post a Comment